• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش مسلمان روہنگیا مسلمانوں کی مدد جاری رکھیں، ولایت کھوکھر

لندن (جنگ نیوز) بنگلہ دیش کے مہاجر کیمپوں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو مستقل بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے کیونکہ میانمار حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث یہ لوگ نہ تو اپنے گھروں میں واپس جاسکتے ہیں اور نہ ہی یہ خود کو اب اس ملک میں محفوظ تصور کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی خیراتی ادارے مسلم ایڈ کے رابطہ افسر محمد ولایت کھوکھر (ایم بی ای) نے برنیٹ سینٹرل مسجد ولزڈن گرین میں چیئرمین مرزا محمد ظفر کی زیرصدارت ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر برنیٹ کے سابق میئر کونسلر احمد شہزاد، ٹرسٹی ڈاکٹر امجد علی رضا، امام قاری نذیراحمد، راجہ شمشیر علی اور راجہ قربان بھی موجود تھے۔ مرزا محمد ظفراقبال نے محمد ولایت کھوکھر کو مسجد کی جانب سے روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لئے پانچ سو پونڈ کا چیک پیش کیا اور یقین دلایا کہ اس سلسلے میں آئندہ بھی تعاون کیا جائے گا۔ رابطہ افسر محمد ولایت کھوکھر اس عطیے پر مسجد کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس وقت روہنگیا مسلمانوں کو پیسے پیسے کی ضرورت ہے۔ ان کے گھر اجڑ گئے ہیں ان کے خاندانوں کے خاندانوں کو مار دیا گیا ہے اور یہ بے وطن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برٹش مسلمانوں کو اس سلسلے میں اپنا تعاون جاری رکھنا چاہئے۔
تازہ ترین