آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید طالبعلم کی بہن نے میٹرک میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لے لیا۔
پشاور میں میٹرک کے امتحانات میں آرمی پبلک اسکول کے شہید طالب علم اسفند خان کی بہن ماہ روش خان نے آرٹس گروپ میں 976 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہ روش کی والدہ اپنے بیٹے شہید اسفند خان کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ کاش آج اسفند زندہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی بیٹی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ قلم کے ذریعے اسفند کا بدلہ لے گی، میری بیٹی نے جو وعدہ کیا تھا آج پور ا کر دیا۔
ماہ روش خان کا تعلق یونیورسٹی ماڈل اسکول سے ہے۔ ماہ روش خان نے اپنا ایوارڈ شہید بھائی اور آرمی پبلک اسکول کے بچوں کے نام کردیا۔
اس موقع پر ماہ روش خان کا کہنا تھا کہ وہ قلم کے ذریعے دہشت گردی کا مقابلہ کریں گی۔
یاد رہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں 16 دسمبر 2014 کو 145 معصوم اور بے گناہ افراد کومسلح دہشت گردوں نےخون میں نہلادیا تھا جن میں سے 132 معصوم بچے تھے۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پاکستان کی تاریخ کا سب سے اندوہناک واقعہ تھاجس نے ساری دنیا کوششدرکرکے رکھ دیا۔ اس غم انگیزدن کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے مکمل تبدیلیاں کی گئیں اوردہشت گردی میں ملوث ملزمان کوسزائے موت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔