• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: آندھی اور بارش سے حادثات، 2 افراد جاں بحق

پنجاب میں آندھی اور بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 16 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسلا دھار بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔

فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، شور کوٹ، سرگودھا، لالیاں، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، خانیوال اور لودھراں سمیت درجنوں علاقوں میں شدید آندھی کےساتھ بارش ہوئی۔

بارش سے گرمی کا زور ٹوٹا اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا، شہری بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے نکل آئے۔

بارش کے بعد ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، فیسکو ترجمان کے مطابق 48 فیڈرز جبکہ میپکو کے 155 فیڈرز ٹرپ کر جانے کے باعث بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

فیسکو کا مزید کہنا ہے کہ موسم بحال ہوتے ہی لائن اسٹاف کو متعلقہ گرڈ اسٹیشنوں پر ہائی الرٹ کرکے کام شروع کردیا گیا ہے، کئی مقامات پر درخت گرنے کے باعث تاروں کے ٹوٹنے اور بجلی کے پولز گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ملتان، بھکر، مظفر گڑھ میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 16 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ملتان میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم خاصا خوشگوار ہے، گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بارش کا امکان نہیں ہے۔

ملتان میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہلکی ٹھنڈی ہوا سے حبس کی کیفیت ختم ہو گئی ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے، آج ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور خشک ہے، صبح کے وقت درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آج بھی کوئٹہ میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، ادھر صوبے کے دیگر شہروں میں موسم گرم اور خشک ہے۔

آج ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیز گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین