• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسروں کا خود استقبال افغان صدر کا کیوں نہیں، اے پی سی کامیاب رہی، جلد خوشخبری ملے گی، حکومت گرانا چاہتے ہیں، جمہوریت نہیں، زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو گرانا چاہتے ہیں مگر جمہوریت کو نقصان نہیںپہنچانا چاہتے، اے پی سی کامیاب رہی، ہم جلد عوام کیلئے خوشخبری لائیں گے۔وزیر اعظم نے افغان صدر کا استقبال کیوں نہیں کیا جبکہ دیگر ممالک کے دوستوں کو ریسیو کرنے جاتے رہے،انہیں افغان صدر کا بھی استقبال کرنا چاہیے تھا۔چیئرمین سینیٹ نے ہماری بات نہیں مانی اس لئے انہیں تبدیل کررہے ہیں، ہمارا خیال تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں وہ دلچسپی لیں گے ، سردار اختر مینگل کی اپنی مرضی ہے وہ بھی ووٹ لے کر آئے ہیں اور ہم بھی ووٹ لیکر آئے ہیں، چیئرمین سینیٹ 10 ماہ سے خود بھی گھوم رہے ہیں اور دوسروں کو بھی گھما رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ان سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی، آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر دونوں رہنمائوں نے اظہار اطمینان کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ مجھ پر کئی کیسز ہیں اس کے باوجود ہم حکومت گرانا چاہتے ہیں مگر جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے ، ہم اپنے نقصان نہیں بلکہ ملک کے نقصان کی بات کررہے ہیں ، اپوزیشن کی اے پی سی کامیاب رہی، ہم جلد عوام کیلئے خوشخبری لائیں گے۔ حکومت کو احساس ہی نہیں ہے کہ غریبوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔

تازہ ترین