پاکستان نیول اکیڈمی میں 111 ویں مڈ شپ مین اور 20 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان نیول اکیڈمی میں111 ویں مڈ شپ مین اور 20 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی ، پی این ایس رہبر میں منعقد ہوئی۔کمیشننگ پریڈ میں شامل مڈ شپ مین میں سے 65 کا تعلق پاکستان سے جبکہ 12 مڈ شپ مین کا تعلق دوست ممالک سے تھا۔
علاوہ ازیں شارٹ سروس کمیشن کے98 کیڈٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے جن میں 25 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔
کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پاکستان نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اپنے خطاب میں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز، وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کے مابین تعاون دراصل دونوں ممالک کے دیرینہ ، گہرے اور دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ خواہش کا ذکر کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے اور اندرونی اور بیرونی سطح پر امن کے قیام کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔
مہمان خصوصی نے کہا کہ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے میری مادر علمی میں دوبارہ آنے اور پرانی یادوں کو تازہ کرنے کا موقع دیا۔
کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی 1979 میں پاکستان نیول اکیڈمی آئے اور ابتدائی تربیت کی تکمیل پر1984 میں پاکستان نیول اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہوئے۔
مہمان خصوصی نے اس یادگار دن پر کمیشننگ ٹرم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہئے کہ اپنے شہدا اور غازیو ں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی سروس اور قوم کے لئے سرمایہ فخر بنیں۔انہوں نے نوجوان افسروں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے عمل سے ماتحتوں کا اعتماد جیتیں کیونکہ ان کی رہنمائی آپ ہی کا فریضہ ہے۔
قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ،کموڈور وقار محمد نے کیڈٹس کی ٹریننگ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں کئی دوست ممالک بشمول بحرین، اردن، قطر، سعودی عرب اور یمن کے کیڈٹس بھی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کو تاکید کی کہ وہ ملکی سالمیت، وقار اور مفاد کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں ۔
بعد ازیں مہمان خصوصی نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس اور افسران میں انعامات تقسیم کئے۔ اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر مڈ شپ مین طلحہ مسعود نے اعزازی شمشیر حاصل کی جبکہ مڈ شپ مین فیضان سعید اکیڈمی ڈرک کے حقدار قرار پائے۔لیفٹیننٹ نصراللہ خان کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قائد اعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ آفیسر کیڈٹ نوید احمد نے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
سلطنت بحرین کے کیڈٹ عبدالرحمٰن علی ابراہیم جاسم المالکی نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل حاصل کیا اور آفیسر کیڈٹ منال عائشہ عامر نے شارٹ سروس کمیشن کورس میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کمانڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مین ٹاپ اسکواڈرن نے پرافیشنسی بینر اپنے نام کیا۔
اعلیٰ ملٹری حکام، سفراء،دوست ممالک کے دفاعی اتاشی، سول معززین اور پاس آؤٹ ہونے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس کے اہلخانہ کی ایک بڑی تعداد نے بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ ََََََ