• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان، بیوی بچوں سمیت خاندان کے 8 افراد کا لرزہ خیز قتل، لاشیں جلادیں، ملزم باپ بیٹا گرفتار

ملتان (نمائندہ جنگ)تھانہ نیو ملتان کے علاقے حسن آباد گیٹ نمبر ایک پرسعودی پلٹ شوہر نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں بیوی کے پورے خاندان کو زندہ جلادیا جبکہ ان کے بچانےکیلئے آنیوالے 4 افراد کو شدید زخمی کر دیا‘ابتدائی تحقیقات کےمطابق مرنے والوں کی تعداد 8بتائی گئی ہے‘جبکہ دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ملزم سعودی عرب میں درزی کا کام کرتا تھا‘کچھ روز قبل واپس آیا‘ بیوی کے کردارپرشک تھا‘باپ کے ہمراہ سسرال گیا تو وہاں جھگڑا ہوگیا‘مرنے والوں میں عورتیں اور بچے شامل ہیں‘ملزم باپ بیٹا گرفتار کرلئے گئے،لاشوں کی حالت جلائے جانے کے باعث ناقابل شناخت ہوگئی‘سی پی اوملتان نے بھی مرنے والوں کی تعداد 8 ہونے کی تصدیق کی ہے‘یہ بھی معلوم ہواہے کہ شوہر کے ساتھ اس کا والد بھی تھادونوں کو پولیس نےگرفتار کرلیا ہے جن سے اسلحہ ‘پٹرول کین اور دیگر اشیا برآمد کر لی ہیں‘اطلاع ملتے ہی سی پی اوملتان سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان‘آئی جی پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) عارف نواز نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیل کے مطابق حسن آباد گیٹ نمبر1کے رہائشی محمد اجمل سعودی عرب میں درزی کا کام کرتا تھااورچھٹیوں پر واپس پاکستان آیا ہواتھا جس کی چند سال قبل اپنے قریبی رشتے دار کی بیٹی کرن کے ساتھ شادی ہوئی تھی جس کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا ملزم اجمل کو اپنی بیوی کرن پر شک ہوا کہ اسکے کسی کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں گزشتہ شب اجمل اور اپنے بھائی کے ہمراہ مسلح ہوکرباپ ظفر کے ہمراہ اپنے سسرال آیا جہاں جھگڑا شروع ہوگیا جس پر ملزم نے فائرنگ شروع کر دی جس سے اسکی بیوی کرن‘سسر‘ساس تسلیم بی بی‘بیٹی مریم‘8 سالہ بیٹا صائم ‘سالی صائمہ ‘روما اور عاصمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔جس کے بعد ملزمان نے ان افراد کو اٹھا کر کمرے میں بند کیا اور آگ لگا دی۔

تازہ ترین