• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری پارک لین کیس میں بھی گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پارک لین کیس میں بھی گرفتار کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے صاحبزادے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی پارک لین کیس کے ملزم ہیں۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ 2 ارب روپے کی یہ اراضی صرف 62 کروڑ روپے میں خریدی گئی تھی۔

24 گھنٹوں میں آصف علی زرداری کو احتساب عدالت پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف زرداری کو گزشتہ ماہ 10 جون کو میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

نیب نے آصف زرداری کی گرفتاری کے چند روز بعد اسی کیس میں ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی گرفتار کر کے ان کے اپنے گھر میں قید کر دیا تھا اور رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

تازہ ترین