قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زردرای کو گرفتار کرلیا ہے۔
نیب نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا۔
آصف زرداری کو لینے کےلئے نیب کی ایک گاڑی زرداری ہاؤس میں داخل ہوئی جس میں موجود نیب ٹیم نے سابق صدر کو بیٹھایا اور اپنے ساتھ لے گئی۔
نیب کی گاڑی کے زرداری ہاؤس سے باہر نکلنے کے دوران بے نظمی دیکھنے میں آئی۔
نیب ٹیم آصف زرداری کو میلوڈی چوک پر واقع نیب ہیڈ کوارٹر راولپنڈی لے گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم صرف سابق صدر کے وارنٹ گرفتاری لے کر زرداری ہاؤس آئی تھی، اُس کے پاس فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری نہیں تھے۔
گرفتاری کے بعد روانگی سے قبل آصف علی زرداری نے اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو گلے لگایا اور پیار کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔
عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرنے کی اجازت دی تھی۔
عدالتی اجازت کے بعد نیب کی ٹیم سابق صدر کی گرفتار کے لئے زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچی تھی۔
گرفتاری سے قبل زرداری ہاؤس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، اس دوران زرداری ہاؤس آنے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے تھے۔