مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نہ تو وہ حکومت کی گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی ان کی دھمکیوں سے۔
نیب راولپنڈی میں نارووال اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کےالزام میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ انہیں نارووال اسپورٹس سٹی سے متعلق طلب کیا گیا تھا، نارووال اسپورٹس سٹی کے انتظامی منظوری اور انتظامی معاملات سے متعلق سوالات تھےجبکہ نارووال اسپورٹس سٹی میں مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کوئی سوال نہیں تھا۔
پاکستان میں بین الاقومی معیار کا اسپورٹس سٹی بنایا گیا، کیا یہ گناہ ہے کہ پاکستان میں بین الاقومی معیار کا اسپورٹس سٹی بن گیا ہے، اگر پاکستان میں انکوائری ہونی ہے تو سب انکوائریاں بند کرکے بی آر ٹی کی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور شہر کو کھڈوں کا شہر بنا دیا گیا ہے، کبھی اس کےپل توڑتے ہیں تو کبھی سیوریج لائن، نارووال اسپورٹس سٹی کا منصوبہ کھڈوں کامنصوبہ نہیں ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ پورے پاکستان کو دعوت دیتا ہوں کہ نارووال اسپورٹس سٹی کادورہ کریں، پاکستان کے کامیاب کرکٹ کپتان مصباح الحق نے اس منصوبےکی تعریف کی ہے۔ کامیاب منصوبوں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بیمار اور نامکمل منصوبے بھی مکمل کیے، ہمیں اپنے ترقی کےسفر پرفخر ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے راناثنا اللہ کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ انہیں جیل میں سہولیا ت دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انتقامی کارروائیوں کے باوجود ان کی خامیوں کو بتاتے رہیں گے کیونکہ نہ توہم حکومت کی گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی ان کی دھمکیوں سےڈر لگتا ہے۔ ہم میں سے ہرکوئی گرفتاری کےلیے تیار ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے بیگ گھروں پر تیارہیں ،گرفتاریوں کو تمغہ سمجھ کرقبول کریں گے۔