ذیقعد کے چاند کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے قمری کلینڈر میں تصادم سامنے آیا ہے، جس سے پاکستانی عوام گو مگو کی کیفیت کا شکار ہو گئے۔
گزشتہ شام مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا کہ ذیقعد کا چاند نظر نہیں آیا ہے، لہٰذا آج 4 جولائی کو 30 شوال جبکہ جمعہ 5 جولائی کو یکم ذیقعد ہو گی۔
ادھر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا قمری کلینڈر کچھ اور ہی کہانی بیان کر رہا ہے، قمری کلینڈر کے مطابق آج 4 جولائی کو یکم ذیقعد 1440ھ ہے۔
اس تصادم کے بعد پاکستان کے عوام پریشان ہیں کہ چاند کے حوالے سے کس کی بات مانیں اور کس کی نہیں۔
وزیر سائنس فواد چوہدری کا کلینڈر تو آئندہ 5 سال کے سب ایام کا تعین کر چکا ہے جبکہ رویت ہلال کی جانب سے چاند کے اعلان میں فرق سے آئندہ آنے والی عیدالاضحیٰ اور اس کے بعد یکم محرم سے نئے ہجری سال 1441ھ کا آغاز بھی مشکوک ہو جائے گا۔