• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب سے پہلے تو ہم انٹرپرینیور کے معنی جان لیں جو لغت کے مطابق ناظم، منتظم، کاروباری تنظیم کار، کسی کاروبارکو منظم کرنے والا یا اس کے خطرات مول لینے والا کوئی کامیاب تاجر ہوتا ہے۔ عام الفاظ میں یوں سمجھیے کہ آپ اپنا کوئی بھی کاروبار شروع کرتے ہیں تو انٹرپرینیور کہلاتے ہیں اور اس میں کامیابی آپ کو دوسروں کے لیے مثال بنادیتی ہے۔

نئے دور کے تعلیمی ادارے صر ف طلبا کو ڈگریاں ہی نہیں دیتے بلکہ ان میں انٹرپرینیورشپ صلاحیتیں پیدا کرنے کیلئےپروگرام بھی منعقد کرتے ہیں۔ انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام (EDP)ایک ایسا پروگرام ہے، جس سے انٹرپرینیورل صلاحیتوں کی کھوج اور ان میں اضافہ کیا جاتاہے۔ یہ صلاحیتیں کسی بھی کاروبار کو چلانے کیلئے درکار ہوتی ہیں۔ کبھی کبھار لوگوں میں صلاحیتیں تو ہوتی ہیں لیکن ان کو نکھارنے کے لیے رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ پروگرام ان جیسے لوگوں کیلئے بہترین ہے۔ یہ انفرادی طور پرکسی بھی فرد کو انٹرپرینیور بنانے کیلئے اسٹرکچرڈ ٹریننگ پروسیس پر مشتمل ہوتاہے۔ مہارتوںکے حصول میں یہ پروگرام آپ کی مدد کرتاہے۔ اس کے علاوہ مؤثر طریقے سے انٹرپرینیور کا کردار ادا کرنے کی لازمی صلاحیتوں میں اضافہ کرتاہے۔

اس پروگرام کے تحت کسی بھی فرد سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مارکیٹ کے ساتھ موزوں طریقے سے ڈیل کرنے اور کاروبار کے لوازمات سیکھنے میں اپنی سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرے۔ یہ صرف ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ یہ کسی بھی انفرادی شخص کو ممکنہ طور پر ایک انٹرپرینیور میں ڈھالنے کامکمل پروسیس ہے ۔ یہ پروگرام آپ کی رہنمائی بھی کرتاہے کہ کسی بھی کاروبار کو کیسے شروع کیا جائے اور اسے مؤثر طریقے سے کس طرح کامیابی سے چلایا جائے۔

ای ڈی پی کے مقاصد

اس پروگرام کا مقصد کسی بھی فرد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جو اپنا کیریئر بحیثیت انٹرپرینیور شروع کرنا چاہتاہے۔ پروگرام کے تحت ایسے فرد کو تیار کیاجاتاہے کہ وہ اپنے کاروبار کو کامیابی سے چلانے کیلئے مارکیٹ میں مواقع تلاش کرے۔ یہ مقاصد مختصر مدت اور طویل مدت کی بنیاد پر بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔

مختصر مدت مقاصد: یہ مقاصدفوری طور پر حاصل کرنے کیلئے ہوتے ہیں۔ مختصر مدت میں لوگوں کو انٹرپرینیور بننے کی تربیت دی جاتی ہے اور انہیں اس قابل بنایا جاتاہے کہ وہ مارکیٹ کی صورتحال اور ماحول کی جانچ کریں۔ ایک ایسا شخص جو مستقبل کا انٹرپرینیور ہے، اسے اس مرحلے پر وہ تمام معلومات حاصل کرنی ہیں، جو کاروبار کے موجودہ قوانین اور قواعد کیلئے لازمی ہوتی ہیں۔

طویل مدت مقاصد: اس پروگرام کا حتمی مقصد یہی ہوتا ہے کہ تربیت یافتہ افراد کامیابی سے اپنا کاروبار کھڑا کرلیں اور ان کے پاس اسے روانی سے چلانے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہوں۔

ای ڈی پی کا مجموعی مقصد یہ ہے کہ اقتصادیات کو ماہر انٹر پرینیورز کی فراہمی کی جائے، اس سے ترقی پذیر علاقوںکی صنعتوں کو بھی فائدہ ہوتاہے۔ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کی بہتر کارکردگی سے توقع کی جاتی ہے کہ انٹرپرینیورز خود کو مزید بہتر بنائیں، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہوتا ہے اور بیروزگاری کم ہوتی ہے۔

انٹر پرینیور شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کسی بھی شخص کو انٹر پرینیور بننے میں مدد فراہم کرنے کیلئے بنیادی طور پر چارکردار ادا کرتاہے ۔

متحرک کردار (Stimulatory Role)

اس کا مقصد لوگوں کی بڑی تعداد کو انٹرپرینیور بننے کیلئے متاثر کرنا ہوتاہے۔ اس میں شامل ہیں :

٭انتظامی ، تکنیکی، مالیاتی اور مارکیٹنگ کی مہارتیں پیدا کرنا

٭ شخصی خصوصیات کو فروغ دینا

٭ کاروباری رکھ رکھائو اور اقدار کو فروغ دینا اور اصلاحات کرنا

٭ سائنسی طریقوں کا اطلاق کرتے ہوئے متوقع انٹرپرینیورز کی نشاندہی کرنا

٭ وضع قطع کے مطابق روّیہ اپنانا اور ترغیبی نقطہ نگاہ سے تربیت دینا

٭ فردکے مقاصد اور اسے تسلیم کرنے کے عمل کو مضبوط کرنا

٭ مقامی مصنوعات کی قابل قدر سمجھ بوجھ اور ان مصنوعات کے انتخاب اور پروجیکٹ رپورٹس کی تیار ی میں مدد کرنا

معاون کردار (Supportive Role)

یہ درج ذیل عوامل میں مدد کرتاہے:

٭ بزنس کی رجسٹریشن

٭ فنڈکا انتظام

٭ زمین ، بجلی ، پانی اور دفتر کا انتظام

٭ صحیح اقسام کی مشینری اور ایکوپمنٹ کی خریدار ی میں مدد

٭ خام مال اور عام سہولتوں کی فراہمی

٭ ٹیکس اور سبسڈی کی چھوٹ میں مدد کرنا

توثیقی کردا ر (Sustaining Role)

اس کا مقصد شدید مسابقتی مارکیٹ میں ایسے حفاظتی عوامل اختیار کرنے میں مدد کرنا ہے، جس سے کاروبار اپنے قدم جمائے رکھے۔ اس میں شامل ہیں:

٭ جدید رحجانات ، توسیع اور تنوع اختیار کرنے میں مدد کرنا

٭ مزید ترقی کیلئے اضافی فنانسنگ

٭ منافع کی ادائیگی میں التواء

٭ نئے مارکیٹنگ پروسیس کی تیاری

٭ بہتر خدمات اور سہولت مراکز تک رسائی میں مدد

سماجی و اقتصادی کردار (Socio-economic Role)

اس کا مقصد عوام الناس کے سماجی و اقتصادی مقام میں بہتری لاناہے۔ اس میں شامل ہیں:

٭عملی اقدامات میں انٹرپرینیوریل خصوصیات کی نشاندہی

٭ فوری طورپر چھوٹی اور درمیانی صنعتوں میں ملازمتوں کےمواقع پیدا کرنا

٭ متوازن طریقے سے علاقائی ترقی کو سپورٹ کرتے ہوئے صنعتوں کی توجہ حاصل کرنا

٭ قوم کیلئے دولت وآمدنی کی مساوی تقسیم پر توجہ مرکوز رکھنا

٭ ایک انٹرپرائز قائم کرنے کیلئے وسائل کو چینلائز کرنا

تازہ ترین