لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے نواز شریف پرگھر کے کھانے پر پابندی عائد کر دی مگر انہوں نے جیل کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا ہے۔اپنے بیان میں مریم نواز نے کہاکہ کھانا لے جانے والا سٹاف 5 گھنٹے تک جیل کے باہر کھڑا رہا ۔اگر جیل حکام نے اگلے 24 گھنٹے میں یہ پابندی واپس نہ لی تو میں عدالت سے رجوع کروں گی۔ مریم نوازنے کہاکہ عدالت سے بھی مدد نہ ملی تو کوٹ لکھپت جیل کے باہر جا کر بیٹھوں گی، بھوک ہڑتال بھی کرنا پڑی تو کروں گی، ان ظالموں پر مجھے بھروسہ نہیں ہے، یہ کھانے میں کچھ بھی ملا سکتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اس بات کو دھمکی نہ سمجھا جائے ، میں یہ کر گزروں گی۔ دوسری طرف جیل حکام نے بتایا ہے کہ نواز شریف کیلئے گھر کے کھانے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔