اسلام آباد( نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام امیر مولانا فضل الرحمن نےمختلف نیوز چینلز کی نشریات کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں میڈیا بھی آزاد نہیں ہے، سلیکٹڈ حکومت چاہتی ہے کہ ٹی وی چینلز حقائق سے عوام کو آگاہ نہ کریں،ان کا کہنا تھا کہ جےیوآئی میڈیا پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گی، سلیکٹڈ حکومت میں کوئی ادارہ خودمختار نہیں ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کو چاہئے کہ چینلز کی بندش کا فیصلہ واپس لے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹی وی چینلز کی نشریات زبردستی بند کرانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت بوکھلاہٹ میں آمرانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ صحافی اور میڈیا دشمن پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں اور ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلز کی بندش اور کیبل آپریٹرز کو زبردستی چینلوں کی نشریات رکوانے کے واقعات پر شدید ردعمل میں سابق وزیراطلاعات نے کہاکہ عوام دشمن نالائق حکومت میڈیا کا آئینہ توڑنے کے درپے ہے۔ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے اب اظہار رائے کی آزادی کا آئینی حق چھیننا چاہتے ہیں۔ فاشسٹ حکومت نے میڈیا کے وسائل روک کر اس کا گلا دبانے اور کنٹرول کرنے کی حکمت اپنائی۔