• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے 4سالہ اقتدار میں 262دن ملک سے باہر رہے۔


کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں شفقت محمود نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے غیر ملکی دوروں سے متعلق تفصیل سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 4سالہ اقتدار میں262دن جبکہ آصف زرداری 5سالہ اقتدار میں 230دن ملک سے باہر رہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کے 92غیر ملکی دوروں پر 1ارب 84کروڑ روپے جبکہ آصف زرداری کے 134بیرون ملک کے دوروں پر 1ارب 42کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 3کروڑ روپے کی ٹپس اور 6کروڑ روپے کے تحائف دیے جبکہ آصف زرداری نے 2کروڑ کی ٹپس اور 5کروڑ کے گفٹ دیے۔

شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے غیر ملکی دوروں اور اخراجات پر تفصیلی بریفنگ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے لندن کے 24دورے کئے،جن پر 22کروڑ 39لاکھ خرچ ہوئے،ان دوروں میں 20ذاتی تھے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف 12مرتبہ سعودی عرب گئے،ان دوروں پر 24کروڑ خرچ کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری 51مرتبہ دبئی گئے،جن پر 10کروڑ کے اخراجات آئے،ان میں48دورے ذاتی نوعیت کے تھے۔

وفاقی وزیر نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،راجا پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات بھی جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کیا۔

شفقت محمود نے یہ بھی کہا  کہ وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر امریکا جارہے ہیں تاہم اخراجات کم کرنے کے لئے وہ سفیر کے گھر پر ٹھہریں گے۔

تازہ ترین