اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امجد شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے حوالے سے لیک کی گئی ویڈیوپر چیف جسٹس کو کسی قسم کا از خود نوٹس لینے کی ضرورت نہیں بلکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ماتحت عدلیہ کے ججوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ا ن کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں ، جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے احتساب کو نظام موجود ہے ، احتساب عدالت کے جج ، ارشد ملک نے اپنی پریس ریلیز میں ویڈیو میں نظر آ نے والے افراد سے اپنی ملاقات کو تسلیم کیاہے ،اس لئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ان کے خلاف ماتحت عدلیہ کے ججوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کارروائی کر سکتے ہیں۔