• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سے پہلے بلاول بھٹو زرداری ایک ہفتہ کے دورہ پر امریکا جائینگے

نیویارک (عظیم ایم میاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے قبل ایک کانفرنس میں شرکت کیلئے امریکا آ رہے ہیں ان کا دورہ امریکا ایک ہفتے سے زائد ہو گا، اس دوران وہ بعض بااثر اور ممتاز امریکی شخصیات سے بھی ملیں گے۔ یہ بات باوثوق ذرائع نے جنگ /جیو کو بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بلاول بھٹو کے پروگرام کی تفصیلات تشکیل دی جا رہی ہیں البتہ یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کی امریکہ آمد 13جولائی کو متوقع ہے اور وہ نیو یارک اور واشنگٹن میں فی الحال قیام یا ملاقاتوں کا کوئی پروگرام نہیں بلکہ براہ راست کانفرنس میں شرکت کیلئے جائیں گے، البتہ وطن واپسی سے قبل نیو یارک آئیں گے جہاں وہ متعدد امریکی شخصیات سے بھی ملاقاتوں کا پروگرام رکھتے ہیں، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ وہ وزیراعظم کے دورہ واشنگٹن کی تاریخوں میں کس شہر میں ہوں گے۔ تاہم ان ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول پاک امریکہ تعلقات اور قومی مفاد کے حساس امور پر گفتگو کی بجائے پاکستان میں داخلی سیاست سیاسی انتقام اور عوا م میں بڑھتی بے چینی کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کریں گے۔ بلاول بھٹو کی امریکا کی اطلاعات پر پاکستانی کمیونٹی کے سنجیدہ حلقوں نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکا کے عمران خان کے دورہ واشنگٹن پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ بلاول بھٹو کی ملاقاتیں اور مصروفیات عمران خان کے دورہ امریکا کے متوازی ایک ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جو عارضی طور پر پاکستان کی داخلی اور انتقامی سیاست امریکہ میں شفٹ ہو جائے گی جبکہ پی پی پی امریکا کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی واشنگٹن موجودگی کے عرصہ میں بلاول بھٹو کے واشنگٹن آنے کا کوئی پروگرام نہیں اور بلاول اپنی ملاقاتوں میں پاکستان میں جمہوری آزادیوں، سیاسی انتقام کی صورتحال، اپوزیشن کے جمہوری کردار اور عوام میں بڑھتی ہوئی بے چینی معاشی مشکلات کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کریں گے۔ بلاول بھٹو کے دور ہ امریکا کی تفصیلات اور مصروفیات کے اعلان سے صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

تازہ ترین