• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست مدینہ کا منشور دیکر عالمی سامراج مسلط کرنا دھوکہ ہے، اسداللہ بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست کا منشور دیکر ملک میں عالمی سامراج کو مسلط کرنا قوم سے بہت بڑا دھوکہ ہے، اقامت دین کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ اسلامی نظام کے نفاذ سے گریز کی پالیسی ہے، اسلامی نظام ایک حقیقت اور اقامت دین کا تصور مدینہ کی ریاست کی بنیاد ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی کی دو روزہ تربیت گاہ برائے امیدواران سے خطاب کے دوران کیا، اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنا موجودہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے قوم کو بین الاقوامی شاہوکاروں کے حوالے کر کے پاکستان کا بیڑہ غرق کیا گیا ہے حکومت نے 10 ماہ میں عوام کے اوپر معاشی بدحالی کا سونامی مسلط کیا ہے جس سے ہر آدمی پریشان ہے، کاروباری حضرات کی ہڑتال نے ثابت کردیا کہ حکومت کی معاشی پالیسی قابل قبول نہیں ہے، ٹیکس کا ظالمانہ طریقہ سے نفاذ سب سے بڑا مسئلہ ہے، لہذا حکومت اپنی ٹیکس پالیسیوں پر نظر ثانی اور تاجروں کو اعتماد میں لیکر ٹیکس نظام میں اصلاحات کرے، حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اپنی انا و مفادات کو چھوڑ کر آئی ایم ایف اور حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کے جذبات کی نمائندگی کریں، قبل ازیں تربیت گاہ سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، صوبائی نائب امراء پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز اور محمد عظیم بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین