• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادیٔ نیلم: سیلابی ریلے میں 24 افراد بہہ گئے

آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم میں لیسوا کے مقام پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں 24 افراد بہہ گئے، کئی مقامات پر آسمانی بجلی بھی گری جس کے ساتھ مسلسل بارش ہوتی رہی۔

ضلعی انتظامیہ کےمطابق سیلابی ریلے سے مساجد سمیت ڈیڑھ سو گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، متاثرہ علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، سیاحوں کے بھی لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو آپریشن کے لیے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات 12 بجے وادیٔ نیلم کے زیریں علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آسمانی بجلی گری اور مسلسل بارش ہوئی جس سے اچانک سیلابی ریلہ بن گیا جس نے علاقے میں تباہی مچا دی۔

علاقے کی کئی مساجد سمیت 150مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ 24 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم اور پولیس کی ٹیمیں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی امدادی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ چکی ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشن ایس ڈی ایم اے‎ سعید الرحمان قریشی کے مطابق لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کا کام جاری ہے جبکہ ایک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

کنٹرول روم سے ملنے والی معلومات کے مطابق ریلے میں 70 دکانیں، 15 موٹر سائیکلیں اور 2 مسافر وینیں بھی ریلے میں بہہ گئیں جبکہ کچھ سیاحوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔

علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور معلومات تک رسائی میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

تازہ ترین