وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دونوں صاحبزادے، شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز اور داماد علی عمران اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ اومنی گروپ اور آصف زرداری کی کئی جائیدادیں بھی ضبط ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت حسین نواز، حسن نواز، سلیمان شہباز اور علی عمران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر رہی ہے، یہ لوگ اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ اشتہاری ملزمان لوٹ کر نہیں آتے ہیں تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حسین نواز، حسن نواز، سلیمان شہباز اور علی عمران کی پاکستانی حوالگی کےلئے درخواست بھی دی جائے گی۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ ان کی جائیدادیں، بینک اکاؤنٹس اور شیئرز اٹیچ کیے جائیں گے اور پھر انہیں ضبط کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اومنی گروپ اور آصف علی زرداری کی جے آئی ٹی کی تفتیش کی روشنی میں کئی جائیدادیں اٹیچ کردی گئیں ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ اگر اٹیچ کی گئی جائیدادوں کی ملکیت کے ثبوت نہ آئے تو ان کی بحق سرکار ضبطی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 32 کمپنیوں کے دفاتر اور پلاٹس بھی اٹیچ کر دیئے گئے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ عذیر بلوچ نے انکشاف کیا تھاکہ آصف زرداری نے اس کے ذریعے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بلاول ہاؤس کراچی کے اردگرد کی جائیدادیں سستے داموں خریدیں۔