• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے 6 ماہ بعد تمام پروازوں کیلئے فضائی حدود کھول دیں، بھارت سے رابطہ بحال نہیں ہوسکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان نے 6 ماہ بعدتمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں ۔تاہم پی آئی اے کا مشرق بعید کے لیے معطل آپریشن فوری طور پر بحال نہیں ہوگا، تفصیلات کے مطابق پاکستان نےفضائی حدود کھولنے کا فیصلہ 16 جولائی رات ایک بجکر 18 منٹ پر کیا گیا جس کے بعدپاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے مشرق بعید جانے والے اور بھارت جانے والے مسافر بردار طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کردیا۔ تاہم ابھی تک بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ بحال نہیں ہوسکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ کے واقعے کے بعد سے پاک بھارت کشیدگی کے بعد بالا کوٹ پر بھارتی حملے کے بعد سے پاکستان کی فضائی حدود 27 فروری سے بند تھی۔ پاکستان نے فضائی حدود کی بندش کا فیصلہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کے بعد کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے بھارت نے باضابطہ طور پر پاکستان سے فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی تھی۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن (نوٹم) کے مطابق پاکستان نے اپنی تمام فضائی حدود کھول دی ہیں اور اب دیگر ائرلائنوں کے ساتھ بھارتی ائرلائن بھی پاکستانی فضائی حدود کا استعمال کرسکتی ہیں۔

تازہ ترین