اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا،کلبھوشن یادیو کیساتھ پاکستانی قوانین کے مطابق سلوک ہوگا،عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کی رہائی کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی عدالت میں پاکستان کی فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، فیصلے سے پاکستان کو اخلاقی فتح حاصل ہوئی، بھارت کا موقف تھا کہ کلبھوشن معصوم اور بے گناہ ہے، بھارت نے جاسوس کی رہائی اور حوالگی کا مطالبہ کیا تھا لیکن بھارت کے موقف کو عالمی عدالت میں تسلیم نہیں کیا گیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ʼعدالت نے کلبھوشن کے جاسوس ہونے کے پاکستانی موقف کو تسلیم کیا، عالمی عدالت کے پاکستان کے قوانین اور اختیارات کو بھی تسلیم کیا اور پاکستان کے عدالتی نظام پر اعتبار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت نے ہماری فوجی عدالت کے فیصلے کو منسوخ نہیں کیا اور عدالت نے سزائے موت کے فیصلے پر نظرثانی کا کہا، اگر بھارت میں کسی جاسوس کا ٹرائل ہوتا تو وہ بھی فوجی ایکٹ کے تحت ہوتا جبکہ کلبھوشن کے پاس صدر مملکت کو رحم کی اپیل دائر کرنے کی گنجائش موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ ʼکمانڈر کلبھوشن پر کیس کیسے چلانا ہے اس کا اختیار پاکستان کو مل گیا ہے اور پاکستان کا عدالتی نظام کلبھوشن یادیو کیس کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آدمی ایکٹ واضح ہے کہ ایک بھارت حاضر سروس افسر اگر جعلی پاسپورٹ پر سفر کرتا پکڑا جائے تو اس کے ساتھ کیا کیا جائے اس کے خلاف کہاں ٹرائل کیا جائے ۔ بھارتی ملٹری لاءبھی اس طرح ہی کہتا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اپنے بیان میںکہاکہ پاکستان بطور ذمہ دار ممبر قانون کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اسی عزم کے تحت پاکستان معزز عدالت میں پیش بھی ہوا۔عالمی عدالت میں پیش ہونے کیلئے پاکستان کو بہت مختصر نوٹس ملا تھا، ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد پاکستان قانون کے مطابق آگے چلے گا۔جاسوس کلبھوشن یادیو بغیر ویزہ بھارتی پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آیا تھا، گرفتاری کے بعد اس کی جعلی شناخت حسین مبارک پٹیل کے نام سے ہوئی تھی، کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور کئی دہشت گرد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ کلبھوشن نے تمام الزامات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قبول کیا ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔