• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈبلیو ایس ایس پی کا رنگ روڈ پر ٹرانسفر سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے اخراجات میں کمی لانے کی پالیسی کے تحت رنگ روڈ پر ٹرانسفر سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس میں ری فیولنگ پوائنٹ، سروس پوائنٹ، پارکنگ اور ورکشاپ کی سہولت بھی میسر ہوگی، زون بی میں کمپیکٹرز کو تجرباتی بنیادوں پر پرائمری کلیکشن کے لئے استعمال کیا جائے گا ، ان کے ڈیزائن میں تبدیلی کی غرض سے تیکنیکی ومالی تجاویز اور ناکارہ و پرانی گاڑیوں کی نیلامی کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ بی آر ٹی ٹریک کی صفائی اور دیگر خدمات کے حوالے سے متعلقہ محکمے سے رابطے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے زونل منیجرز اور شعبہ منصوبہ بندی کے حکام کے اجلاس میں کئے گئے جس میں اخرجات کمی کی پالیسی کے تحت اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سید ظفر علی شاہ نے شعبہ پراجیکٹس کو ہدایت کی کہ ٹرانسفر سٹیشن کا نقشہ جلد از جلد بنواکر ٹی ایم اے سے منظوری لی جائے شمشتو ڈمپنگ سائٹ کی چار دیواری کی تعمیر کا کام فوری شروع کیا جائے ، پرائمری کلیکشن کے لئے تجرباتی استعمال کے دوران کمپیکٹرز کے اخراجات کا موازنہ سیکنڈری کلیکشن کے ساتھ کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بتدریج گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائے گااس وقت جن یونین کونسلوں میں یہ عمل جاری ہے وہاں ماہانہ بنیاد پر ایک ایک علاقہ مزید شامل ،تجارتی پلازوں اور مارکیٹوں میں کوڑا دان لگائے جائیں، نالیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ضروری آلات خریدے جائیں اور ہر علاقے کی نالیوں کی صفائی کا شیڈول جاری کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہی کھٹہ میں ضروری مرمت کے لئے سروے کیا جائے جن ہائوسنگ سوسائٹیوں نے این او سی حاصل نہیں کیاہے انہیں نوٹس جاری کیا جائے بصورت دیگر ان کی سیوریج فوری بند کی جائے اور این او سی کے حصول تک نہ کھولی جائے۔
تازہ ترین