• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہدخاقان گرفتاری:سیاسی انتقام،ایل این جی میں کرپشن ہوئی،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں سیاسی انتقام سے آگے چلی گئیں،پرویز خٹک اور عمران خان کیخلاف کیس کلوز کردیے گئے، شاہد خاقان عباسی بتائیں ایل این جی کا3ارب کا ٹرمینل راتوں رات 13 ارب کا کیسے ہوگیا؟جج کی ویڈیو بنانے والے میاں طارق کے ساتھ جج ارشد ملک کیخلاف بھی مجرمانہ مقدمہ قائم ہونا چاہئے،میاں طارق کو جج کی ویڈیو بنانے کے جرم کی سنگین سزا ملنی چاہئے، جج کیخلاف مس کنڈکٹ پر انضباطی کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، ارشاد بھٹی، ریما عمر اور بابر ستار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپور ٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پہلے سوال ایل این جی کیس، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا، اپوزیشن کے ایک سابق صدر، دو سابق وزرائے اعظم جیل میں، کیا نیب پر اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کا الزام درست ہے؟سلیم صافی نے کہا کہ موجودہ دور میں عزت، وقار اور اپنے نظریے کے ساتھ وفاداری سنگین ترین جرم ہے جس کے شاہد خاقان عباسی مرتکب قرار پائے ہیں، پی ٹی آئی کے بہت سے لیڈرز بھی خلوت میں یہی کہیں گے کہ اپوزیشن سے امتیازی سلوک ہورہا ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت نے بھی اس وقت کی اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا تھا،شاہد خاقان عباسی سے صرف یہ پوچھ لیں کہ ایل این جی کا3ارب کا ٹرمینل راتوں رات 13 ارب کا کیسے ہوگیا، ایل این جی ٹرمینل استعمال ہو نہ ہو نجی کمپنی کو 2 لاکھ 75ہزار ڈالر روزانہ دینا پڑے گے۔
تازہ ترین