• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے جلد کرپشن کا خاتمہ ہوجائے گا ،علی امین گنڈاپور

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) پاکستان کے وزیر امور کشمیر ،سرحدی و شمالی علاقہ جات علی امین گنڈاپور جو انٹر پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے برطانیہ آئے تھے۔گزشتہ روز اولڈہم کے ایسٹرن پویلین ہال میں نوجوان کاروباری وسیاسی شخصیت عدیل سلیم، شہناز صدیق، عمران چوہدری ،فاروق ،طارق اور حاجی چوہدری محمد سردار نے ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا جس میں آزاد کشمیر کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے ساتھ حل طلب مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیر برائے امور کشمیر وسرحدی علاقہ جات علی امین گنڈاپور نے کہاکہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مستحکم ہو رہا ہے اور جلد کرپشن کا خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا برطانیہ میں بسنے والی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے تاکہ ملک کا خسارہ کم ہو سکے سرمایہ کاری کے لیے اب حالات سازگار ہیں ۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ وہ برطانیہ میں بسنے والی کشمیری کمیونٹی کے ساتھ روابط کومزید بڑھائیں گے تاکہ کشمیر کے مسئلہ کو بین الاقوامی سطح پر ٹھوس اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔ سماجی سیاسی اور کمیونٹی کی سرگرم خاتون راہنما شہناز صدیق کا کہنا تھا کہ ہم وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کو خوش آمدید کہتے ہیں وہ وزارت سنبھالنے کے بعد پہلی دفعہ برطانیہ آئے ہیں اور کشمیری کمیونٹی سے ملاقات کی ہے ہمارا ان سے سوال یہ ہے کہ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں کب احتساب کا عمل شروع ہو گا تاکہ وہاں پر بھی تبدیلی کے سفر کا آغاز ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سیر و سیاحت کے حوالے سے بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ عمران چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم عمران خان ،کشمیری قائد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزہر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کا ایک موقف ہے کہ بھارت سے مذاکرات اسی صورت ہو سکتے ہیں اگر مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت ہو ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ بلیک برن کونسل کے ڈپٹی مئیر کونسلر راجہ افتخار کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے مسئلہ کشمیر کے لیے بہت کام کیا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کے آگے چل کر بھی وہ کشمیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ہم سب انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے یہاں آئے ہیں ۔ استقبالیہ تقریب میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
تازہ ترین