لندن (جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر سابق آمر جنرل پرویز مشرف کو علاج کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ ایک بیان میں ناصر بٹ نے کہا کہ یہ جنرل مشرف ہی تھے جنہوں نے میاں نواز شریف کو اپنے والد کی میت کے ساتھ پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کو یاد رکھنا چاہئے کہ نواز شریف نے انہیں آرمی چیف بنا کر احسان کیا تھا مگر انہوں نے اس کا بدلہ نواز شریف کی حکومت ختم کرکے اور انہیں جلا وطن کرکے دیا۔ اس کے باوجود نواز شریف نے انہیں انسانی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف یہ نہ بھولیں کہ انہیں واپس آنا ہوگا اور ان کا مکمل احتساب ہوگا۔