• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی علاقوں میں پہلی بار انتخابات، پولنگ جاری

قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے پہلے انتخابات ہونے کی وجہ سے قبائلی عوام بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں اور ووٹ ڈالنے کے لیے آرہے ہیں۔

شمالی و جنوبی وزیرستان، کرم، اورکزئی، باجوڑ، خیبر، مہمند اور سابقہ ایف آر کے علاقوں میں شہری پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات

پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جہاں پولیس اور آرمی کے جوان تعینات ہیں۔

1897 پولنگ اسٹیشنز کے باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہیں جبکہ 554 حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔

ووٹرز اور امیدواروں کی تعداد

خیبر پختون خوا میں ضم ہونے والے 7 اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر مجموعی طور پر 28 لاکھ، ایک ہزار 834 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

قبائلی اضلاع کے لیے خیبر پختون خوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر قبائلی عوام اپنے ووٹوں سے نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں، انتخابات میں مجموعی طور پر 281 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 202 آزاد امیدوار شامل ہیں۔

حکومتی جماعت تحریکِ انصاف نے تمام 16 حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں، جمعیت علمائے اسلام ف کے 15، اے این پی کے 14، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے 13-13 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

مسلم لیگ نون نے 5 اور قومی وطن پارٹی نے 3 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے۔

ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین نشستیں پی کے 100، 101 اور 102 ہیں، جہاں مجموعی طور پر 5 لاکھ 34 ہزار 3 رائے دہندگان ہیں۔

ضلع مہمند میں صوبائی اسمبلی کی دو نشستیں، پی کے 103 اور 104 ہیں، جہاں 2 لاکھ 80 ہزار 499 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

ضلع خیبر میں پی کے 105، 106 اور 107 پر مجموعی طور پر 5 لاکھ 32 ہزار 87 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

ضلع کرم میں خیبر پختون خوا اسمبلی کی 2 نشستوں پی کے 108 اور 109 ہیں، جہاں مجموعی طور پر 3 لاکھ 60 ہزار 741 رائے دہندگان اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔

ضلع اورکزئی میں صوبائی اسمبلی کی ایک ہی نشست پی کے 110 ہے، جس پر ایک لاکھ 96 ہزار 436 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

ضلع شمالی وزیرستان میں پی کے 111 اور 112 پر 3 لاکھ 20 ہزار 177 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

ضلع جنوبی وزیرستان میں خیبر پختون خوا اسمبلی کی 2 نشستوں پی کے 113 اور 114 پر 3 لاکھ 86 ہزار 829 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

پی کے 115 سابقہ ایف آر کی نشست ایف آر بنوں، ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان، ایف آر کوہاٹ، ایف آر لکی مروت، ایف آر پشاور اور ایف آر ٹانک پر مشتمل ہے، جہاں مجموعی طور پر ایک لاکھ 91 ہزار 62 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

قبائلی اضلاع میں کُل 28 لاکھ، ایک ہزار 834 ووٹرز میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار 305 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار 529 ہے۔

عوام کی سہولت کے لیے 1896 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں 482 پولنگ اسٹیشن مردوں اور 376 خواتین کے لیے مخصوص ہیں جبکہ 1038 مشترکہ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں دو خواتین امیدوار بھی میدان میں ہیں، جن میں پی کے 106 سے عوامی نیشنل پارٹی کی امیدوار ناہید آفریدی اور پی کے 108 کرم پر جماعت اسلامی کی ملاسہ بی بی قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون رشید جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر پی کے 101 باجوڑ سے اور سابق سینیٹر و رکنِ قومی اسمبلی حمید اللّٰہ جان آفریدی پی کے 107 خیبر سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔

قبائلی اضلاع میں آج موسم کیسا رہے گا؟

محکمۂ موسمیات کے مطابق قبائلی اضلاع میں آج الیکشن کے موقع پر موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات مشتاق علی کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں آج مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں صبح کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔

مشتاق علی کے مطابق قبائلی اضلاع میں آج درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، ووٹرز کے لیے صبح صبح نکلنا بہتر ہو گا۔

تازہ ترین