• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سمیت ملک بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اختتام پزیر

—فوٹو: آئی این پی
—فوٹو: آئی این پی

کراچی سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں چہلمِ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر چلتے ہوئے اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گئے۔

کراچی:

کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، 6 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر مامور رہے، عزاداران نے شہدائے کربلا کی یاد میں خون کے عطیات بھی دیے۔

چہلمِ حضرت امام حسینؓ کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خانوادۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی دینِ اسلام کی سر بلندی کے لیے دی گئی قربانیوں پر خطاب کیا۔

مرکزی جلوس نشتر پارک سے شبیہ علم و ذوالجناح بوتراب اسکاؤٹ کی قیادت میں برآمد ہوا، شرکائے جلوس نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔

مرکزی جلوس کے راستے میں جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، گرمی کے سبب مسلسل عزاداروں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا، عزاداروں نے یادِ خانوادۂ رسول میں خون کے عطیات دیے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی غمِ حسین ؓ میں شریک ہوئے۔ کراچی پولیس چیف نے جلوس کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔

مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، تبت سینٹر، ڈینسو ہال سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔

لاہور: 

لاہور میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا، جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

چہلمِ حضرت امام حسینؓ پر تعزیے کا مرکزی جلوس صبح حویلی الف شاہ اندرونِ دہلی گیٹ سے برآمد ہوا، جلوس کے شرکاء مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے دوپہر کو پرانی کوتوالی چوک پہنچے جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔

مرکزی جلوس پانی والا تالاب، ترنم چوک اور اندرونِ بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار سے زائد نفری تعینات رہی، شرکاء کی تین درجاتی چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی۔ 

جلوس رات گئے امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گیا۔

کوئٹہ: 

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر نکالے گئے دونوں ماتمی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گئے۔

حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ کی قیادت میں امام بارگاہ ہزارہ نیچاری علمدار روڈ سے برآمد ہونے والا مرکزی ماتمی جلوس بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

ہزارہ ٹاؤن کا جلوس ولی عصر امام بارگاہ سے برآمد ہو کر ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔

دونوں جلوسوں کے روٹس کو سیل کر دیا گیا تھا اور پولیس اور ایف سی کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات تھے۔

شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کوئٹہ کے علاقوں قائد آباد، گوالمنڈی اور بروری میں موبائل فون سروس بند جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔

پشاور:

پشاور میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس اختتام پزیر ہو گیا۔

چہلمِ امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کے موقع پر پشاور میں فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے گئے تھے، جبکہ جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی پر ڈھائی ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات تھے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا، سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوس اور مجالس کی نگرانی کی گئی جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے چیکنک کی گئی۔

راولپنڈی:

راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔

جلوس امام بارگاہ یادگار حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا تھا جس کی حفاظت پر 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات رہے۔

جلوس کے روٹ سے متصل سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید