• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا اپوزیشن کے نام جوابی خط

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن جماعتوں کے خط کا جواب دے دیا۔

خط میں صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آئین میں چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کےلئے عدم اعتماد کی تحریک کا کوئی تصور موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو قرارداد کے ذریعے ہٹایا جاتا ہے۔

صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی رولنگ کو تحفظ دینے، ایوان کی جانب سے آئینی تقاضے پورے کرنے سے متعلق ان کے ارادے کی غلط تشریح کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رکھنے، چیئرمین سینیٹ کی بطور نگران ایوان بالا اور چیئرمین کی رولنگ کے تحفظ کے لیے لڑ رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ قرارداد کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں، تاہم یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارا رویہ چیئرمین کی رولنگ کی حرمت کو کمزور نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ذات کی بجائے سینیٹ کی ملک اور بیرون ملک حرمت کے لیے کھڑا ہوں، افراد آتے جاتے رہتے ہیں، لیکن ادارے روایات اور پارلیمانی طریقہ کار موجود رہتا ہے۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو تباہ نہ کیا جائے چیئرمین کی رولنگ کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

تازہ ترین