لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ معاشی تباہی کے ذمہ دار سیاسی لوگوں کو گرفتار کر رہے ہیں، جج کی ویڈیو آنے کے بعد نوازشریف کو رہا کر دینا چاہیے، حافظ سعید کی گرفتاری امریکا کے دبائو پر کی گئی، حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے، مہنگائی سےعوام کی کمرٹوٹ گئی ہے، پہلے بجٹ میں ہی شہریوں نے اپنی دکانیں بند کردیں، حکومت کے پہلے بجٹ پر تاجربرادری نے جو ردعمل دیا ہے وہ عدم اعتماد ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جو لوگ ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دارہیں وہ دھڑا دھڑ سیاسی لوگوں کو گرفتارکررہے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نوازشریف سے متعلق جج کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں رہا کردینا چاہیے، جھوٹے الزامات کے تحت جیل میں رکھنا حبس بے جا میں رکھنے کے مترادف ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمارا توسیاسی مؤقف واضع ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی سے آئی، نوازشریف کے دورمیں بھی اسمبلی پر دھاندلی کے اتنے الزامات نہیں لگے تھے جتنے موجودہ دور میں لگے، اس وقت صرف تحریک انصاف دھاندلی کا کہتی تھی اوراب تمام جماعتیں دھاندلی کا شور کر رہی ہیں، 25 جولائی کو ملک بھرمیں یوم سیاہ منائیں گے، اور دنیا کوبتائیں کہ اس دن دھاندلی سے یہ لوگ اقتدارمیں آئے تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری بھی امریکا کے دباؤ پر کی گئی، حافظ سعید کوایسے وقت میں گرفتارکیا گیا جب عمران خان امریکا جارہے تھے۔ ہم تو پہلے ہی قومی دھارے میں شامل ہیں ہمیں قومی دھارے میں شامل کرنے والے اسلامی دھارے میں شامل ہوں۔