• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان دنیائے ٹوئٹر کے ٹرینڈز پر چھا گئے


وزیرِ اعظم عمران خان کا 3 روزہ سرکاری دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب دُنیائے ٹویٹر کا نمبر ون ٹرینڈ بن چُکا ہے۔

پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر نظر دوڑائیں تو پاکستان میں ٹاپ ٹین میں سے 9 ٹرینڈز وزیرِاعظم عمران خان کے جلسے اور دورۂ امریکا کے نام ہوگئے۔ 

ہیش ٹیگ ’پی ایم آئی کے جلسہ ان یو ایس اے‘ پر اب تک ایک سو اکہتر ہزار ٹوئٹس کئے جاچکے ہیں ۔

عمران خان کا واشنگٹن میں خطاب ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنانے میں جلسے کے شرکاء نے اہم کردار ادا کیا ، ٹرینڈ کے تحت جلسے کے شرکاء کی جانب سے جلسہ گاہ کی تازہ ترین تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


عمران خان کے دورۂ امریکا کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیرِاعظم پاکستان نے واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں اوور سیز پاکستانیوں سے خطاب بھی کیا۔

جلسے کے آغاز سے قبل کیپٹل ون ایرینا کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستانی کمیونٹی سے رات دیر گئےخطاب کیا۔

پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بدلنے کا وقت آگیا ہے، انشااللّہ بہت جلد پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، کرپشن مسئلے کی جڑ ہے اس کا ہرصورت خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کر آنا ہے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ نے ثابت کردیا کہ آپ زندہ قوم ہیں، آج آپ کے جوش کو دیکھ کر بہت سے لوگ خوش ہیں اور کچھ پریشان ہوں گے۔

وزیرِخارجہ نے کہا کہ کیپٹل ون ارینا میں کوئی پاکستانی وزیرِ اعظم پہلی بارخطاب کرے گا۔

قبل ازیں سینیٹر فیصل جاوید کا جلسے سے متعلق کہنا تھا کہ یہ امریکا کی تاریخ میں اوور سیز پاکستانیوں کاسب سے بڑا مجمع ہے، اُنہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عمران خان نیاپاکستان بناکر رہیں گے۔

تازہ ترین