• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ وزیراعظم نے واشنگٹن میں بھی کنٹینر والی تقریر کی، احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں بھی وہی تقریر کی جو ڈی چوک کے کنٹینر پر کی تھی۔

پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے وزیراعظم کی گزشتہ رات کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واشنگٹن میں ایسی تقریر کی جیسی موچی گیٹ پر کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ثابت کر رہے ہیں کہ ان کے پاس نہ کوئی پلان ہے، نہ سوچ، نہ صلاحیت اور نہ ہی تجربہ، وہ خیالی پلاؤ بناتے اور بیچتے ہیں۔

احسن اقبال نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نواز شریف کے ٹی وی کی فکر چھوڑیں، ان غریبوں کی فکر کریں، جن کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص ملک اور ملک سے باہر صرف نواز شریف کا سوچتا ہو اس کے بارے میں کیا کہا جا سکتا ہے؟ مسلم لیگ ن نے خیالی پلاؤ بیچی نہ ہی بنائی، ہم نے قوم کے مسائل حل کرکے دکھائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کل امریکا میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف کارروائی ان کے کہنے پر کی گئی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ شاہد خاقان نے ایل این جی ٹرمینل پیپرا رولز کے مطابق لگایا گیا، ایل این جی کیس 2016ء میں نیب نے بند کردیا تھا، لگتا ہے سلیکٹڈ وزیراعظم کی خواہش پر دوبارہ کھلوایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور حکومت انتقام اور حسد کی آگ میں جل رہے ہیں، ملکی معیشت کی بری صورتحال سے نظر ہٹانے کے لئے حکومت اس طرح کے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کے وزراء ایل این جی کیس پر جو بیانات دے رہے ہیں، وہ پاکستان اور قطر کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی وزراء سی پیک سے متعلق بھی غیر ذمہ دارانہ اور من گھڑت بیانات دیتے ہیں، جو دوست ملک پاکستان کی مدد کرتے ہیں، ان سے متعلق بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ فیصلہ کن جدوجہد کا و قت آگیا ہے، اپوزیشن کی کردار کشی کی جارہی ہے، اپوزیشن رہنماؤں کو حراست میں لیا جارہا ہے، عوام نے جانیں دی ہیں، قربانیاں دی ہیں لیکن اپنی آزادی پر سمجھوتا نہیں کیا۔

تازہ ترین