کوئٹہ ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا۔ مشرقی بائی پاس پر سائیکل میں نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے، دھماکے سے 4 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق دھماکا مشرقی بائی پاس کے علاقے شیر جان اسٹاپ پر مقامی میڈیکل اسٹور کے قریب ہوا۔
پولیس، ریسکیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور تمام زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے سے 4 دکانوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کے بعد علاقہ پولیس نے دھماکے کی جگہ سے ضروری شواہد اکٹھے کئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔