• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،متعدد ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس سیل

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے منگل کو کارروائی کرتے ہوئے مسجد روڈ اور چوہڑمل روڈ پر قائم مختلف ہوٹلوں، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور کھانے پینے کے مراکز کو سیل کردیا۔ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی ندا کاظمی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران ہارون شاپنگ سینٹر اور داؤد شاپنگ سینٹر کی کینٹینز، افغان سخی مزارشریف ہوٹل،افغان غزنوی ہوٹل،ہاٹ اینڈ چلی،خادم چاٹ ہائوس،اور ہاٹ اینڈ ٹیسٹی بار بی کیو کوغیر محفوظ و غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت،حشرات کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سیل کردیا۔علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے الفلاح فوڈ پوائنٹ، بسم اللہ ہوٹل،شاہی بریانی اینڈ حلیم ہاؤس اور عبدالرحمن کولڈڈرنک سمیت متعدد کھانے پینے کے مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے جب کہ انہیں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردو نوش کی فروخت کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر (ر) بشیر احمد کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صحت عامہ پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی نہ کرنے کے باعث لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہر قسم کی خوراک کی تیاری سے لے کر اسٹوریج ہینڈلنگ اور عوام کو فروخت کے تمام مراحل کی نگرانی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔  
تازہ ترین