پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے لئے دنیا میں چند ایسے مقامات ہیں جو اُن کے لئے انتہائی پرکشش ہونے کے ساتھ ساتھ سستے بھی ہیں۔
مسلم سیاح زیادہ تر مسلمان ممالک کے دورے کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جہاں انہیں اکثر اس طرح کے فن تعمیر، حلال کھانے، آب و ہوا، لباس وغیرہ نظر آتے ہیں جو ان کے دلوں کو بھاتی ہے۔
یہاں ایسے ہی ممالک کا تذکرہ کیا گیا ہے جہاں پاکستانی کم خرچ میں اچھی سیاحت کے مزے لے سکتے ہیں۔
ایران:
دنیا کے نقشے پر اسلامی جمہوریہ ایران کو چار موسمی اور بڑی تہذیبوں کا ایک بڑا ملک سمجھا جاتا ہے، ایران میں بے پناہ سیاحتی مقامات ہونے کی وجہ سے اسے سیاحوں کی جنت بھی کہا جاتا ہے۔
پاکستانیوں کے لئے ایران اس لئے بھی ایک بہترین سیاحتی مقام قرار دیا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا ایک روپیہ ایران کے 264 ایرانی ریال کے برابر ہے جس کے حساب سے پاکستان سے ایران کا آنے جانے کا ٹکٹ تقریباً 70ہزار کے قریب ہوگا۔
آزربائیجان:
سویت یونین کے خاتمے پر آزربائیجان کی ریاست قائم ہوئی۔ متنوع ثقافت اور قدرتی خوبصورتی سے مالا مال اس ملک کی کرنسی پاکستان کی کرنسی سےزیادہ مضبوط دکھائی دیتی ہے۔
ایک آزربائیجانی منات پاکستان کے 93روپے کے برابر ہے۔ آزربائیجان کا دارلحکومت باکو تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ لاہور سے باکو جانے کا ٹکٹ کم از کم 65ہزار کا ہے۔
تھائی لینڈ :
تھائی لینڈ روزمرہ کی زندگی کے اخراجات کے معاملے میں سیاح دوست ہے، یہاں کھانا اور ہوٹل دونوں ہی سستے ہیں۔ تھائی لینڈ میں آپ قدرتی خوبصورتی، جنگل اور بدھ مندروں کے اصل فن تعمیر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
تھائی لینڈ کی کرنسی کا 1 بھات پاکستان کے 5 روپے کے برابر ہے ۔تھائی لینڈ میں خریداری بھی سستی ہے ۔ تھائی لینڈ ایک سستا ملک ہے اور یہاں کچھ رقم خرچ کر کے آپ بہت کچھ دریافت کر سکتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں۔
ملائیشیا:
ملائیشیا دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے اپنی ثقافت اور قدرتی مناظر کے باعث جنت کا مقام رکھتی ہے۔ ملائیشیا کی زیادہ تر آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے جس سے پاکستانیوں میں ہم آہنگی کا احساس بیدار ہوگا ۔یہ ملک اپنے ساحلوں اور چینی ، بھارتی اور یورپین ثقافت کے اثرات کی وجہ سے دنیا میں جانا جاتا ہے ۔
ملائشیا کی کرنسی پاکستان کی کرنسی سے مضبوط ہے ۔ایک ملائیشین رنگٹ 39پاکستانی روپے کے برابر ہے ۔لیکن پھر بھی یہ ایک سیاح دوست ملک ہے۔ ملائیشیا سستا سفر اور کم قیمت پر رہنے کی جگہ فراہم کرتا ہے پاکستان سے ملائیشیا جانے کا کرایہ کم از کم 38ہزار سے شروع ہوتا ہے۔
سری لنکا :
سری لنکا بحر ہند میں ایک جزیرہ نما ملک ہے جہاں کا موسم انتہائی خوشگوار رہتا ہے۔ یہ ملک اپنے سیاحوں کوقدرتی مناظر، خوبصورت ساحلوں کے علاوہ پر امن بیرونی سرگرمیاں بھی فراہم کرتا ہے ۔
سری لنکا کی کرنسی کو بھی روپیہ ہی کہا جاتا ہے لیکن پاکستان کا ایک روپیہ سری لنکا کے 1اعشاریہ11روپے کے برابر ہے ۔سری لنکا میں سیر و تفریح کے لئے پاکستان سےجانے کا کرایہ 84ہزار سے شروع ہوتا ہے ۔