اسلام آباد (صباح نیوز)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ اپنے خلاف قائم مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہیں،تندرست ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے۔تین سال سے مقدمات کا سامنا کررہا ہوں،واپس آ کر اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔ ملک کو نئی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،قرضوں سے ملک نہیں چلتا۔ اپنے تعلقات اور اعتماد کی بنیاد پر امیر ممالک سے ملک میں سرمایہ کاری کروائوں گا۔تیسری سیاسی قوت بن کر قوم کی راہنمائی کروں گا، قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والے انتخابات میں عبرتناک شکست کا سامنا کریں گے۔یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین نے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کے ذریعے پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے ٹیلی فون پرپیغام میں بتائی۔ڈاکٹر محمد امجد کے مطابق پارٹی سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کی دوبئی میں رہائش گاہ پر ان کے چاہنے والے بڑی تعداد میں ان کی عیادت کے لئے آ رہے ہیں۔عیادت کرنے کے لئے آنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ وہ اپنے خلاف سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہیںاور تندرست ہوتے ہیں وطن واپس آئیں گے۔وہ پیدا ہی ملک و قوم کی خدمت کے لئے ہوئے ہیں اور تندرست ہونے کے بعد ایک دن بھی بیرون ملک نہیں گزاریں گے۔ان کا جینا اور مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کرنے تین سال قبل پاکستان آئے تھے مگر تاحال ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا۔واپس آکر عدالتوں کے سامنے اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کروں گا۔عدالتوں پر پورا اعتماد ہے۔ نقل و حرکت کی اجازت دی گئی ہے تو امید ہے کہ مقدمات کے حوالے سے بھی انصاف ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک قرضوں سے نہیں چلتے۔قرضے سود کے ساتھ واپس کئے جاتے ہیں اور اس طرح سے ترقی ناممکن ہے۔ پاکستان کو امیر ملکوں سے امدادی فنڈز کی ضرورت ہے۔ وہ اقتدار میں آکر اپنے اعتماد تعلقات کی بنیاد پر ملک میں سرمایہ کاری کروائیں گے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔آل پاکستان مسلم لیگ ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی اور قوم کی قیادت کرے گی۔آنے والے انتخابات میں ملکی اثاثے لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں اور اثاثے بنانے والے بری شکست کا سامنا کریں گے۔