کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران نے امریکامیں پاکستان کو چارج شیٹ کیا، آرٹیکل 6 لگے گا، وزیر اعظم کی حیثیت سےدیئے گئے بیانات پاکستان کیلئے مہنگے پڑ سکتے ہیں،ہماری حکومت آنے پرمیں مقدمہ چلائیںگے،عمران خان نیازی پر امریکا کے دورے میں 2سے 3چارج شیٹس لگ چکی ہیں، نااہل حکمرانوں نے 10ماہ میں10ارب ڈالر کا قرض لیا،امریکی صدر ٹرمپ سے ہاتھ ملانے اور ملاقات کرلینے کو کامیاب دورہ قرار دیا جارہا ہےجبکہ ہمارے نزدیک یہ دورہ ناکام ہوا ،چیئرمین سینیٹ کے خلاف لائی جانے والی تحریک میں ہمارے پاس نمبر پورے، 62یا 63اراکین ہمارے ساتھ ہیں جبکہ انہیں خریدنے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 25جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس روز ووٹ کو عزت دینے کے بجائے اس کی عزت کو پامال کیا گیاتھا۔