راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پاکستان میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ 21لاکھ سے زیادہ افراد ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے دنیا سے2030تک وائرل ہیپاٹائٹس ختم کرنے کا پروگرام ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کی یونین کونسل1رتہ امرال میں اب تک3ہزار سے زیادہ لوگوں کو سکرین کیا گیا اور تقریباً100کے قریب لوگوں کا علاج جاری ہے، امید ہے کہ اس پروگرام کے تحت 5سالوں میں راولپنڈی شہر کو ہیپاٹائٹس فری کر دیا جائے گا ۔یہ کام راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور معدہ و جگر سنٹر ہولی فیملی ہسپتال مل کر رہے ہیں۔ معدہ و جگر سنٹر اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں گزشتہ روز ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا اور واک کا اہتمام بھی کیا گیا جو پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی قیادت میں شعبہ امراض معدہ و جگر ہولی فیملی ہسپتال میں کی گئی۔ ایم ایس ہولی فیملی ڈاکٹر ارشد علی خان، ڈاکٹر زاہد محمود منہاس، ڈاکٹر طیب سعید اختر ، ڈاکٹر رائے اصغر، سٹوڈنٹس، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ واک کا مقصد لوگوں میں ہیپاٹائٹس کے بارے میں آگاہی دینا تھا ۔