وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی حفاظت کےلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید ہونے والے 10 جوانوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کو قوم خراج تحسین پیش کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو مثبت چیزیں ہضم نہیں ہورہیں، بعض عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، پاکستان کی کوششوں کا فائدہ صرف خطے کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو ہوگا۔