راولپنڈی(نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو راولپنڈی کے جج سلیمان بیگ نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل( ر)پرویز مشرف کے اثاثہ جات سے متعلق کیس کی سماعت وکلاء کی ہڑتال کے باعث 27اگست تک ملتوی کر دی، عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے ضمانت کے بعد بیرون ملک فرار ہو جانے پر ملزم کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات طلب کی تھیں جس کے جواب میں ایف آئی اے نے پندرہ فروری کو اپنی جزوی رپورٹ میں بیشتر بینک اکائونٹس اور ان میں پڑی رقوم کی تفصیلات اور جائیداد بارے تحریری جواب عدالت کو دے دیا تھا لیکن بعدازاں دوسری رپورٹ میں ان اکائونٹس سے رقم نکلوا لئے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی تھی۔ لیکن گزشتہ کئی ماہ سے ایف آئی اے کی طرف سے تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا کئی برس پرانے اس کیس کی پندرہ مارچ اور پندرہ اپریل کی سماعتیں وکلاء کی ہڑتال کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوئیں۔