• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولڈہم میں کپتان محمد منیر میموریل والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم میں کپتان محمد منیر میموریل والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا۔ برطانیہ کے مختلف شہروں سے روایتی کھیل سے دلی لگاؤ رکھنے والی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ دن بھر جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں سخت مقابلوں کے بعد فائنل میچ مانچسٹر اور ڈربی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو آخری سیٹ میں سنسی خیز مقابلے کے بعد مانچسٹر نے جیت لیا۔ مہمانان خصوصی اولڈہم کے کونسلرز عتیق الرحمٰن،شعیب اختر ، محمد الیاس نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور ایسے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو نوجوانوں کے لئے صحت مند قرار دیا۔ کونسلر عتیق الرحمٰن نے کہا ٹورنامنٹ کا انعقاد کپتان محمد منیر مرحوم کی یاد میں کیا گیا پچھلے برس ہونے والے ٹورنامنٹ میں وہ یہاں موجود تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ بھر سے ٹیموں نے حصہ لیا اور ثقافتی کھیل کو زندہ کیا۔ کونسلر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملے، آرگنائزر کا شکریہ جنہوں نے احسن طریقے سے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ کونسلر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ ہم روایتی کھیل سے لطف اندوز ہوئے اور دن بھر کافی بڑی تعداد میں تماشائیوں نے شرکت کی۔ مانچسٹر کی فاتح ٹیم کے کپتان سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ کپتان محمد منیر مرحوم بہت اچھے انسان تھے، رب کریم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ مستقبل میں والی بال کے روایتی کھیل کو اپنانے والے ننھے منے بچے فہد عمران کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا روایتی کھیل ہے اور نوجوانوں کو اس کھیل کا حصہ بننا چاہئے اور آج کا ٹورنامنٹ کپتان محمد منیر مرحوم کی یاد میں کرایا گیا۔ ندیم مائکو کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میلے کا سماں پیش کر رہا تھا ایسی سرگرمیوں کا انعقاد معاشرے کی بہتری کے لئے ضروری ہے۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر عمران چوہان کا کہنا تھا کہ ہم ہر سال پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم میں والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے ہیں لیکن اس سال اس کھیل کے دلدادہ کپتان محمد منیر مرحوم کی یاد میں کرایا گیا جس میں برطانیہ کی نامور ٹیموں نے حصہ لیا اور روایتی کھیل کے چاہنے والوں نے ہال میں آکر کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے والی مانچسٹر اور ہارنے والی ڈربی کی ٹیموں کے علاوہ ٹورنامنٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور منتظمین اور مہمانوں کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
تازہ ترین