اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل (ر) پرویز مشرف کے ترجمان ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ احمد رضا قصوری کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے حکومت سے ڈیل کے نتیجے میں بیرون ملک سفر کیا ، حقیقت یہ ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا اور حکومت نے اسکی تعمیل کی۔ احمد رضا قصوری سے پرویز مشرف کا اس وقت رابطہ ہے اور نہ ہی انہوں نے روانگی سے قبل ان کو فون کیا۔ اتوار کو ڈاکٹر امجد نے پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلا عا ت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز مشرف نے احمد رضا قصوری کی طرف سے میڈیا کو دئیے گئے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے کہ دوبئی روانگی کی رات ان کا احمد رضا قصوری سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد رضا قصوری کا یہ بیان سراسر جھوٹ پر مبنی ہے کہ پرویز مشرف نے انہیں بتایا کہ وہ حکومت سے ڈیل کر کے بیرون ملک روانہ ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد امجد نے واضح کیا کہ اس وقت احمد رضا قصوری کے پاس نہ تو پارٹی کا کوئی عہدہ ہے اور نہ ہی وہ پرویز مشرف کے ترجمان ہیں۔