• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، پاک آرمی کا تربیتی طیارہ گرنے سے 18 افراد جاں بحق


راولپنڈی کے علاقے ربیع سینٹر کے قریب پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق اور 9  افراد زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا چھوٹا طیارہ موہڑہ کالو راولپنڈی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عملے کے شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔

حادثے میں 13 شہری جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیمیں اور 1122 موقع پر پہنچیں، ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھائی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق 4 افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچا دی گئیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے 17 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ملبے میں دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈی سی او راولپنڈی احمد علی رندھاوا نے طیارہ حادثے میں 17افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایاکہ جن لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ان کا ڈی این اے کیاجائےگا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے 4 سے 5 گھروں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

تربیتی طیارہ راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب گاؤں کے مکانوں پر گرا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔

تازہ ترین