الاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) صوبائی محتسب اسد اشرف ملک کی ہدایات اور مداخلت کے بعد چھ سرکاری ملازمین کو ان کے واجبات طویل عرصے بعد ادا کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محتسب کو بعض ملازمین کی جانب سے انہیں جی پی فنڈ کے واجبات کی عدم ادائیگی کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر صوبائی محتسب نے ریجنل ڈائریکٹر ذوالقرنین ابڑو کو اس سلسلے میں تحقیقات کرنے اور شکایات دور کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ریجنل ڈائریکٹر ذوالقرنین ابڑو نے تمام شکایات کے ازالے کے لئے فوری کارروائی کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ان تمام ملازمین کے تقریباً پندرہ لاکھ روپے کے واجبات مختلف حیلوں، بہانوں سے ادا نہیں کئے جا رہے ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر لاڑکانہ کی کارروائی کے بعد شکایت کنندگان کو ان کے واجبات کی ادائیگی کر دی گئی۔ متاثرہ افراد نے صوبائی محتسب اور مقامی ریجنل ڈائریکٹر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے احتسابی عمل کو مزید تیز کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ بے سہارا افراد کی شکایات کو حل کرانے میں سیاسی دبائو کے بغیر کارروائیاں جاری رہ سکیں۔