کراچی میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ تین ہٹی کے علاقے کے نزدیک 3 بچوں کو کرنٹ لگ گیا۔
تینوں بچوں کو کرنٹ لگنے کے بعد طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، گلستانِ جوہر، بہادر آباد، لیاقت آباد، شارع فیصل سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش جاری ہے۔
سپر ہائی وے پر پانی کا بڑا ریلہ موجود ہے جو ناردرن بائی پاس فلائی اوور کے قریب سے گزر رہا ہے، پانی کا ریلہ گزرنے کی وجہ سے سپر ہائی وے پر ٹریفک بلاک ہوگیا۔
کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد غریب آباد انڈر پاس میں بھی پانی بھر گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
شہر میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر اور پاسپورٹ آفس کے سامنے والی سڑک بارش کے باعث دھنس گئی جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
کراچی میں قلندریہ چوک کے قریب واقع سخی حسن قبرستان کے باہر بارش کے بعد کچرا اور سیوریج کے پانی سے سڑک کا برا حال ہے۔
شہر قائد میں شارع فیصل سے متصل ایک سڑک زمین میں دھنس گئی جس سے سڑک پر ایک بڑا سا شگاف پیدا ہو گیا۔
علاقے کے لوگوں اور پولیس نے کسی بھی حادثے سے بچنے اور سڑک پر آمد و رفت روکنے کے لیے اس شگاف کے اطراف رکاوٹیں رکھ کر سڑک بلاک کر دی ہے۔