لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح نا کام ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی سینیٹ کے الیکشن میں غیر جانبدار رہے گی ہم سینیٹ کے الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔سینیٹ میں ایک سیاسی دنگل ہو رہا ہے اس وقت عوام کا اصل مسئلہ مہنگائی، روزگار اور کرپشن ہے مگر حکومت اور اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی میں لگی ہوئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی شوریٰ اجلاس سے خطاب گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ حکمران ابھی تک ٹرمپ کے مصافحے کے سحر سے باہر نہیں آئے۔صبح شام امریکہ کے گن گا رہی ہے اور پوری قوم کو خوشخبریاں سنائی جارہی ہیں جبکہ قوم پوچھ رہی ہے کہ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے اب تک کیا کیاہے۔پوری قوم حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے دلدل میں پھنس گئی ہے،نوجوان نے پی ٹی آئی کے لیے دن رات محنت کی وہ مایوس اور پریشان چہروں کے ساتھ مارے مارے پھر رہے ہیں۔