• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جلد فیصلہ کرائیں، درخواست عدالت میں، بینک گھروں کیلئے قرض نہیں دے رہے، عمران خان

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ایک اہم سنگ میل ہے‘10سالہ لوٹ مار کی وجہ سے ملکی خزانے میں پیسے کی کمی ہے‘نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ آسان نہیں ہے‘گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دینے سے متعلق پٹیشن عدالت میں ہے جس کی وجہ سے بینک قرض نہیں دے رہے ‘چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ سے استدعاہے کہ وہ کیس کا جلدفیصلہ کرائیں تاکہ اس ضمن میں رکاوٹیں دور ہو سکیں‘پاکستان میں گھر بنانے کیلئے بینکوں کی جانب سے قرضے دیئے جانے کی شرح 0.2 فیصد ہے جبکہ بھارت میں یہ شرح 10 فیصد ہے۔ وہ بدھ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے حکومت پاکستان، اقوام متحدہ کے آفس برائے پراجیکٹ سروسز (یو این او پی ایس) اور سسٹین ایبل ہاؤسنگ سلوشنز (ایس ایچ ایس) کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔دریں اثناءعمران خان سے وفاقی وزیر ہوا بازی چوہدری غلام سرور خان اورمشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ‘علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس بھی ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ یواین اوپی ایس اور ایس ایچ ایس پاکستان میں پانچ لاکھ گھر بنانے کیلئے مالی سروسز فراہم کرینگے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اقوام متحدہ کے آفس برائے پراجیکٹ سروسز اور ایس ایچ ایس کے تعاون سے پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین