• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کی ٹیم ملتان سلطانز ڈیفالٹر ہے، ملتان کے سارے چیک کلیئر ہوچکےہیں۔ پی ایس ایل کے معاملات شفاف ہیں۔

ملتان سلطانز کے چیک کی رقم پی سی بی کے اکاؤنٹ میں موجود ہے اب پی سی بی نے پی ایس ایل کی آمدنی سے فرنچائز کو شیئر دینا ہے۔ ملتان کی طرح بقیہ پانچ فرنچائز بھی ڈیفالٹر نہیں ہیں۔ اس بارے میں منفی تاثر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپرنسی وزیر اعظم اور پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فیس کا ایک حصہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے اور بقیہ ٹورنامنٹ کے بعد ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ ہم نے ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے چند ہفتے قبل خریدا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان سلطانز سے فرنچائز فیس لیے بغیر ہی بورڈ نے اسے فروری کے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ چار ماہ سے زائد وقت گزر چکا مگر تاحال ملتان نے کوئی ادائیگی نہیں کی۔ پی سی بی نے فرنچائزز کو پانچویں ایڈیشن کی بینک گارنٹی جمع کرانے کے لیے خطوط بھیجے ہیں۔


نمائندہ جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ علی ترین کا سیاسی پس منظر ہے اس لئے شاید انہیں بدنام کرکے کوئی ایجنڈا حاصل کیا جارہا ہے۔ ہم نے پی ایس ایل سے چند ہفتے قبل ملتان سلطانز کا چارج علی ترین کے حوالے کیا تھا اس وقت تک ٹیم بھی پی سی بی نے منتخب کی تھی۔ نئی انتظامیہ نے ہمیں پہلے ڈاون پیمنٹ کی پھر وعدہ کیا کہ بقیہ رقم بعد میں دیں گے۔ ہمیں گارنٹی کرنے کے لئے چیک دیئے گئے۔ ہم نے وہ چیک اس لئے لیے تاکہ مالی معاملات کے حوالے سے کوئی خدشات یا رسک نہ ہو۔

احسان مانی نے کہا کہ میں ذمے داری سے یہ بات کرتا ہوں کہ ملتان سلطانز نے پی سی بی کو ساری ادائیگیاں کردی ہیں ایڈوانس میں دیئے گئے چیک بینکوں سے کلیئر ہیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے ساری قانونی کارروائی مکمل کرلی تھی۔ کچھ پوسٹ ڈیٹ چیک اب بھی موجود ہیں جو ہم وقت آنے پر کیش کرالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب پی سی بی تمام فرنچائز کو آمدنی سے شیئر دینا ہے اور اس میں سے کچھ رقم کو ہم جان بوجھ کر روکیں گے تاکہ اگر کوئی فرنچائز وقت پر ادائیگی نہیں کرتی تو اس رقم میں سے ادائیگی کی جاسکے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں علی ترین نے دعویٰ کیا کہ فرنچائز ملتان سلطانز انتظامیہ نے بقیہ رقم کے چیک پاکستان کرکٹ بورڈ کو جمع کرادیئے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے پیر کو پی ایس ایل فرنچائز کو غیر رسمی اجلاس اور کھانے پر مدعو کیا ہے۔ اجلاس میں شکایا ت اور تحفظات پر بات ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی فروری میں پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں کرانے کے حوالے سے فرنچائز مالکان سے بات کریں گے گورننگ کونسل کے اگلے اجلاس پر بھی بات ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان اور پی سی بی پی ایس ایل فائیو پاکستان میں کرانے کا اعلان کر چکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز اور حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کی ملکیت ملتان سلطانز کے مالی معاملات کے بارے میں خدشات سامنے آئے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اس بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کررہا ہے۔

نمائندہ جنگ نے جب پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن سے میڈیا رپورٹس کے بارے میں حقائق جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور ملتان سلطانز کے درمیان جو معاہدہ طے پایا تھا اس پر ملتان کی انتظامیہ نے پاسداری کی ہے اس سے زیادہ معلومات میڈیا سے شیئر نہیں کی جاسکتی۔

معاہدے کی شقوں پر ابھی تک درست انداز میں عمل درآمد ہوا ہے، ڈیفالٹر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ علی ترین گزشتہ سال دسمبر میں چھ اعشاریہ دو ملین ڈالرز سالانہ کے عوض 7سال کے لیے ملکیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے، بعد میں انہوں نے فرنچائز کا نام ملتان سلطانز ہی برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل شون گروپ نے یہ ٹیم پانچ اعشاریہ دو ملین ڈالرز میں خریدی تھی۔ علی ترین اور تیمور ملک اس فرنچائز کے مشترکہ مالک ہیں۔

تازہ ترین