کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) ایشیا اوشیانا اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کیلئے پاکستانی باکسنگ ٹیم کو پیر کو ویزے ملنے کا امکان ہے، چین میں ہونے والے کوالیفائنگ رائونڈ کا آغاز25 مارچ سے ہورہا ہے جس میں پاکستان کی 9 ٹیم اور چار آفیشلز شرکت کریں گے۔ یہ باکسرز کے لئے کوالیفائی کرنے کا آخری موقع ہے کیونکہ ورلڈ کوالیفائنگ رائونڈ میں مقابلے ٹف ہونے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔ پانچ روز قبل اعلان کی گئی دس رکنی ٹیم سے دو باکسروں ثنا اللہ اور گل زیب کو باہر حسن طیب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین ٹیم کے ہمراہ منیجر کی حیثیت سے جائیں گے۔2004 ایتھنز اولمپک میں پاکستان کے پانچ باکسرز مہر اللہ، اصغر علی شاہ، سہیل بلوچ، فیصل کریم اور احمد علی نے آخری بار کوالیفائی کیا تھا۔ اقبال حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ایک دو روز میں ٹیم کو این او سی جاری ہونے کی امید ہے۔ ویزا انوی ٹیشن لیٹر کی بنیاد پر مل جائے گا۔ کوالیفائنگ رائونڈ کیلئے9 رکنی پاکستانی ٹیم میں محب اللہ 49کے جی، سید آصف 52 کے جی، نعمت اللہ 56 کے جی، علی احمد 60 کے جی، عامر خان 69 کے جی، تنویر احمد 75 کے جی، اویس علی خان 81 کے جی، حسن طیب91 کے جی اور میر واعظ91 پلس کیٹگری میں حصہ لیں گے۔