• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہو گی جبکہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے رویت کلینڈر کے مطابق بھی عیدِ قرباں 12 اگست کو ہی ہو گی، ادھر پشاور کی غیر سرکاری مقامی رویت ہلال کمیٹی بھی عیدالاضحیٰ اسی روز منانے پر متفق ہے۔

دوسری جانب ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں مفتی منیب الرحمٰن کی زیرِ صدارت ہو گا۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کے مطابق رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (29 ذیقعد کو) بعد نمازِ عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا۔


اجلاس میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمۂ موسمیات کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہو گی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند آج 8 بج کر 12 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہو جائے گا، غروبِ آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا۔

ادھر پشاور میں رمضان اور عیدین کے چاند پر اختلاف کرنے والی مقامی غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان کو بھی گزشتہ شب ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور انہوں نے بھی ذیقعد کے 30دن مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیر 12 اگست کو عید الاضحٰی منانےکا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں پشاور کی مقامی غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس تاریخی مسجد قاسم علی خان میں مفتی محمد شہاب الدین پوپلزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ چونکہ صوبے بھر میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند کی شہادتیں موصول نہ ہونے کے باعث اکمال ثلاثین کرتے ہوئے ذیقعد کے 30 دن پورے کیے جائیں گے۔

اس طرح پاکستان میں 12 اگست کو عیدالاضحیٰ منانے پر محکمۂ موسمیات، وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا رویت کلینڈر اور پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی تینوں متفق ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ سرکاری مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کا اعلان ہوتا ہے یا نہیں۔

تازہ ترین