• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کو بیرون ملک روانگی کی اجازت آف شور فیصلہ ہے، احمد رضاقصوری

کراچی (جنگ نیوز) جیو کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر آل پاکستان مسلم لیگ احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک روانگی کی اجازت آف شور فیصلہ ہے،سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کے معاملہ پر گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال دی تھی، حکومت کا مینڈیٹ کمزور ہوگیا ہے، شیر کی دم پر گینڈے کا پیر آگیا ہے جس پر شیر کی چیں نکل گئی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور نمائندہ جیو نیوز عبدالقیوم صدیقی بھی شریک تھے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ پرویز مشرف کو دبئی میں جس طرح کی فوری طبّی امداد ملی اس پر وہ ضرور مسکرائیں گے،اپوزیشن کا پرویز مشرف کی روانگی کیخلاف احتجا ج خوش آئند ہے، اپوزیشن کا احتجاج ہمارے موقف کو مضبوط کرتا ہے کہ پاکستان میں آئین توڑنے والوں کو عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا، پرویز مشرف کیخلاف مقدمات میں پیپلز پارٹی کمال ہوشیاری سے خاموش رہی۔عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ عدالت نے جن میڈیکل سرٹیفکیٹس کو کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دیا تھا حکومت نے انہیں چوم کر جنرل پرویز مشرف کو باہر بھیج دیا،سیاسی قیادت کے اندر اتنی ہمت نہیں کہ پرویز مشرف کیخلاف مقدمات چلاسکے۔ احمد رضا قصوری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملہ پر گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال دی تھی، حکومت نے جب پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ قائم کیا اس وقت ان کے پاس نیا مینڈیٹ تھا، اب حکومت کا مینڈیٹ کمزور ہوگیا ہے، شیر کی دم پر گینڈے کا پیر آگیا ہے جس پر شیر کی چیں نکل گئی ہے، شیر سوچتا ہے کہ نیب اتنی طاقتور ہوگئی ہے کہ کسی کے گھر یا دفتر کا تقدس باقی نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف سے فالج ہونے کا خطرہ تھاجس کا علاج پاکستان میں نہیں ہے، دبئی میں موجود پاکستانی پرویز مشرف کی بہت عزت کرتے ہیں اور وہ ان کی عیادت کیلئے آئے تھے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے آج سپریم کورٹ کی آڑ میں چھپ رہے ہیں، پرویز مشرف کو بیرون ملک روانگی کی اجازت آف شور فیصلہ ہے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں، منتخب حکومت اور عدالت کیلئے سول ملٹری تعلقات بہت خطرناک علاقہ (mine field) ہے، پرویز مشرف کیخلاف مقدمات قائم ہونا لوگوں کیلئے نئی چیز تھی، لوگ سمجھتے تھے کہ کسی سابق فوجی آمر کو عدالت کے سامنے نہیں لایاجاسکتا ہے، حکومت نے پرویز مشرف کے ٹرائل کی کوشش کی جو نامکمل تھی ، ہم کامیاب نہیں ہوئے لیکن اب دروازہ کھل گیا ہے، جمہوریت کو مستحکم کرنے میں کامیاب رہے تو آئندہ منتخب حکومتیں پوری قوت کے ساتھ کام کرسکتی ہیں۔عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف کو طبّی بنیادوں پر خصوصی عدالت میں پیشی سے استثنیٰ مل سکتا ہے، خصوصی عدالت کے فیصلے میں اہم کردار پراسیکیوشن کا ہوگا، عدالت نے جن میڈیکل سرٹیفکیٹس کو کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دیا تھا حکومت نے انہیں چوم کر جنرل پرویز مشرف کو باہر بھیج دیا اور اب سسٹم کو بچانے کی بات ہورہی ہے، حکومت نے پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت دے کر پیٹھ دکھانے کے ساتھ سیاسی غلطی بھی کی ہے، حکومت کو پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کا معاملہ پارلیمنٹ کے سامنے لے کر جانا چاہئے تھا۔ پرویز مشرف اس ملک میں سیاسی سرگرمیاں کررہے ہیں جہاں اس پر پابندی ہے، حکومت پاکستان کو وہاں یہ معاملہ اٹھانا چاہئے، پرویز مشرف نے انتہائی فٹ آدمی ہیں، انہوں نے اس بیماری میں تین ٹریڈ ملز توڑی ہیں، مسلح افواج کے ایک بہادر کمانڈومقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے بھاگنا چاہ رہے ہیں، سیاسی قیادت کے اندر اتنی ہمت نہیں کہ پرویز مشرف کیخلاف مقدمات چلاسکے۔
تازہ ترین